زندگی میں ایک بار کی جانے والی چار دھام مقدس یاترا ایک لمبے اور مشکل لیکن فائدہ مند سفر کا نام ہے۔ چونکہ ہری دوار قریب ترین ریلوے اسٹیشن ہے اس لئے لوگ جمنوتری کا سفر کرتے ہیں جہاں پر جمنا ندی میں ایک مقدس ڈبکی کے ذریعہ اس پورے عمل کی شروعات کی جاتی ہے۔ یہاں سے زائرین گنگوتری کا رخ کرتے ہیں، پھر کیدارناتھ جاتے ہیں اور آخر میں بدری ناتھ پہنچتے ہیں۔ پورے راستہ میں مختلف افسانوی مندروں میں پوجا کی جاتی ہے اور لوگ خوبصورت پہاڑوں اور وادیوں سے گزرتے ہوئے اپنے آپ کو پاک صاف کرتے ہیں۔
دھام 1: گنگوتری
ضلع اترکاشی میں واقع گنگوتری کا علاقہ تازہ پانی کے بہتے نالوں سے سجا ہوا اور چاروں طرف سرسبزی وشادابی سے گھرا ہوا ہے۔ ہندو عقائد کے مطابق، یہ گنگا ندی کا منبع ہے۔ گنگوتری سے پانی بدری ناتھ اور کیدارناتھ لے جایا جاتا ہے جو کہ چار دھام کے سفر پر اگلی منزلیں ہیں۔ یہاں پر بہت سارے مقدس مقامات ہیں۔ چنانچہ آپ یہاں گنگوتری مندر کی زیارت کر سکتے ہیں، گرم گندھک کے چشمہ گنگنانی کی زیارت کر سکتے ہیں جس کے پانی میں بیماریوں کا علاج پایا جاتا ہے، اور پانی میں ڈوبے شیو لنگ کی زیارت کر سکتے ہیں جہاں پر دیوی گنگا اس فانی زمین پر سب سے پہلے وجود میں آئی تھی۔
دھام 2: جمنوتری
یہ دیوی جمنا کو منسوب ایک مقدس شہر ہے۔ ایسا مانا جاتا ہے کہ جمنا ندی یہیں کالندی پہاڑ پر ایک مقام سے شروع ہوئی۔ جمنوتری تک پہنچنے کے لئے زائرین کو جانکی چٹی سے کچھ دوری تک پیدل چلنا پڑتا ہے۔ لیکن پیدل چلنے سے بچنے کے لئے آپ گھوڑے کی سواری کر سکتے ہیں یا پالکی میں سفر کر سکتے ہیں۔ ان دونوں چیزوں کے لئے آپ کو 500 روپے سے 1200 روپے تک خرچ کرنے پڑیں گے۔ یہاں پر مرکزی مندر کے علاوہ آپ سوریہ کنڈ اور سپت رشی کنڈ کی زیارت کر سکتے ہیں، نیز جانکی چٹی بھی جا سکتے ہیں جو ٹریکنگ کے لئے مشہور ہے۔
دھام 3: کیدارناتھ
گپت کاشی میں ردرپریاگ سے 86 کلومیٹر کی دوری پر کیدارناتھ واقع ہے۔ آپ خوبصورت پہاڑیوں، سبزہ زاروں، گرم چشموں، حسین وجمیل چوٹیوں اور ہریالی بھرے راستوں سے گزرتے ہوئے یہاں پہنچ سکتے ہیں۔بھگوان شیو کے 12 جیوترلنگوں میں سے یہ سب سے زیدہ اہمیت کا حامل ہے۔ کیدارناتھ میں آپ بھیرو مندر اور مہاپنت کی بھی زیارت کر سکتے ہیں جو کہ ستوپنت کے اوپر واقع ہے جس کو جنت کا دروازہ مانا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ یہاں آپ کیدارناتھ جنگلاتی پناہ گاہ کی بھی زیارت کر سکتے ہیں جو اس میں کثیر تعداد میں موجود نباتات وحیوانات کے لئے مشہور ہے۔
کیدارناتھ کی زیارت کے لئے رجسٹریشن: کیدارناتھ کے سفر کے لئے پہلے سے ہی رجسٹریشن کرنا ضروری ہے۔ رجسٹریشن کاؤنٹر سے بھی رجسٹریشن کیا جا سکتا ہے اور آنلائن بھی کیا جا سکتا ہے۔ آپ کو ایک سفری کارڈ جاری کیا جائے گا جو کہ آپ کو پورے سفر کے دوران اپنے پاس رکھنا ضروری ہے۔
میڈیکل سرٹیفکٹ: گپت کاشی یا سون پریاگ میں موجود طبی مراکز سے میڈٰیکل فٹنس سرٹیفکٹ حاصل کرنے کے بعد ہی آپ یہ سفر کر سکتے ہیں۔ اگر میڈیکل رپورٹوں میں کسی نازک مرض میں مبتلا ہونا بتایا گیا ہو تو آپ کو پیدل جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ لیکن آپ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ کیدارناتھ پہنچ سکتے ہیں۔
دھام 4: بدری ناتھ
گڑھوال کے ہمالیائی سلسلہ میں واقع مقدس شہر بدری ناتھ کی زیارت کے لئے آپ کو خصوصی اجازت کی ضرورت ہوگی۔ مندر تک پہنچنے کے لئے آپ جوشی مٹھ سے کار کرایہ پر لے سکتے ہیں، لیکن سبھی کاروں کو بدری ناتھ جانے کی اجازت صرف کچھ مخصوص اوقات (صبح 6-7 بجے کے درمیان، صبح 9-10 بجے کے درمیان، صبح 11-12 بجے کے درمیان، دوپہر 2-3 بجے کے درمیان اور شام 4:30-5:30 بجے کے درمیان) میں ہی ہوتی ہے۔ لیکن اگر آپ قطار میں نہیں لگنا چاہتے ہیں اور جلدی سے درشن کرنا چاہتے ہیں تو گیٹ نمبر 3 کے پاس ٹکٹ کاؤنٹر پر جائیے اور وید پاٹھ پوجا کے لئے ٹکٹ خرید لیجئے۔ اس کی قیمت 2500 روپے فی کس ہے اور اس کو خریدنے کے بعد آپ 15 منٹ کے اندر درشن کر سکتے ہیں۔ مندر کے دروازے اپریل سے مئی کے درمیان کھلتے ہیں اور نومبر کے بعد سے بند ہو جاتے ہیں۔
چار دھام یاترا میں شریک ہونا اپنے آپ میں ایک خوبصورت احساس ہے۔ اس میں ایک مکمل سفر کے تمام اجزاء ترکیبی موجود ہیں۔ اس میں جوکھم بھی ہے، مذہبی جوش بھی ہے، قدرتی مناظر کا نظارہ بھی ہے، بلکہ اگر یہ کہا جائے تو بیجا نہ ہوگا کہ یہ پورا سفر ایک منفرد تجربہ ہے۔