مجھے پورا یقین ہے کہ آپ میں سے بہت سے لوگوں کے ساتھ ایسا ہوا ہوگا کہ ٹکٹیں کینسل کرنے کے بعد انہیں جو پیسے واپس ملے ہوں گے اسے دیکھ کر وہ انتہائی حیران ہوئے ہوں گے۔ حالانکہ ہمیں کئی بار ٹکٹیں کینسل کرنے کی نوبت آتی ہے لیکن ہم ٹکٹیں کینسل کرنے کے قوانین وضوابط سے لاعلم ہوتے ہیں۔ لہذا ریل یاتری میں ہم ان قوانین وضوابط کو آسان الفاظ میں آپ کے سامنے پیش کر رہے ہیں جس سے انہیں سمجھنے میں آسانی ہو۔ تو آئیے دیکھتے ہیں کہ وہ قوانین کیا ہیں۔۔۔
ٹکٹیں کینسل کرنے کے چارجز کیا ہیں؟
کنفرم یا آر اے سی ٹکٹ والوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنا ٹکٹ خود کینسل کریں۔ جہاں تک ویٹنگ لسٹ کے ٹکٹوں کی بات ہے، تو اگر آخری چارٹ تیار کئے جانے کے وقت تک وہ ٹکٹ کنفرم نہیں ہوئے ہیں تو وہ بذات خود کینسل ہو جائیں گے اور پورا پیسہ واپس کر دیا جائے گا۔ ٹرین کی روانگی سے 48 گھنٹے پہلے تک جو ٹکٹ کینسل کئے جاتے ہیں ان کے چارجز حسب ذیل ہیں:
سلیپر درجہ کی ٹکٹیں کینسل کرنے کے چارجز: 120 روپے (کنفرم ٹکٹوں کے لئے)، 60 روپے (آر اے سی یا ویٹنگ لسٹ ٹکٹوں کے لئے) فی مسافر۔
اے سی 3 کی ٹکٹیں کینسل کرنے کے چارجز: 180 روپے (کنفرم ٹکٹوں کے لئے)، 60 روپے (آر اے سی یا ویٹنگ لسٹ ٹکٹوں کے لئے) فی مسافر۔
اے سی 2 کی ٹکٹیں کینسل کرنے کے چارجز: 200 روپے (کنفرم ٹکٹوں کے لئے)، 60 روپے (آر اے سی یا ویٹنگ لسٹ ٹکٹوں کے لئے) فی مسافر۔
اے سی 1 کی ٹکٹیں کینسل کرنے کے چارجز: 240 روپے (کنفرم ٹکٹوں کے لئے)، 60 روپے (آر اے سی یا ویٹنگ لسٹ ٹکٹوں کے لئے) فی مسافر۔
ٹکٹوں کو جزوی طور پر کینسل کرنے کا مطلب اور اس کے قوانین؟
ٹکٹوں کو جزوی طور پر کینسل کرنے کا مطلب یہ ہے کہ 1 یا 2 افراد کا ٹکٹ کینسل کر دیا جائے اور باقی افراد کا ٹکٹ برقرار رکھا جائے۔ فرض کیجئے کہ آپ نے ایک فارم میں 5 افراد کے ٹکٹوں کی بکنگ کی ہے۔ ان میں سے 2 مسافروں کے ٹکٹ کنفرم ہیں، 1 مسافر کا ٹکٹ آر اے سی ہے اور 2 مسافروں کا ٹکٹ ویٹنگ لسٹ میں ہے۔ اب ان میں سے آر اے سی اور ویٹنگ لسٹ والے مسافروں کا ٹکٹ کینسل کیا جا سکتا ہے جبکہ کنفرم ٹکٹ والے دونوں مسافر اس ٹرین میں اپنی مقررہ سیٹوں پر بیٹھ کر سفر کر سکتے ہیں۔
ٹکٹ کینسل کرنے پر مجھے کتنے پیسے واپس ملیں گے؟
ٹکٹ کینسل کرنے پر آپ کو کتنے پیسے واپس ملیں گے اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ نے سفر شروع ہونے سے کتنا وقت پہلے اپنا ٹکٹ کینسل کیا ہے۔
ٹرین کی روانگی سے 119 دن – 48 گھنٹے پہلے تک
اس حالت میں مسافروں کو پورے پیسے واپس ملتے ہیں، صرف کینسل کرنے کے چارجز کاٹ لئے جاتے ہیں جو کہ سفر کے لئے منتخبہ درجہ کے اعتبار سے 120 روپے سے 240 روپے تک ہو سکتا ہے۔
ٹرین کی روانگی سے 12 گھنٹے پہلے تک
اگر آپ ٹرین کی روانگی سے 48 گھنٹے پہلے تک ٹکٹ نہیں کینسل کر سکے ہیں تب بھی آپ امید کر سکتے ہیں کہ آپ کو اچھی خاصی رقم واپس مل جائے۔ ایسی حالت میں بنیادی کرایہ کا 25٪ یا ٹکٹ کینسل کرنے کے چارجز (دونوں میں سے جو بھی زیادہ ہو) کاٹ لئے جاتے ہیں۔
ٹرین کی روانگی سے 4 گھنٹے پہلے یا آخری چارٹ تیار کئے جانے تک
عام طور پر کسی ٹرین کا آخری چارٹ سفر کے شروع ہونے سے 4 گھنٹے پہلے تیار کیا جاتا ہے۔ اور بھارتی ریلوے کے پاس وہ آخری موقع ہوتا ہے جس میں میں وہ سفر نہ کرنے والے لوگوں کی سیٹوں کی دوبارہ تقسیم کر سکتی ہے۔ اس لئے جب آپ ٹرین کی ٹکٹیں 12 گھنٹوں کی میعاد کے بعد اور آخری چارٹ تیار ہونے سے پہلے تک کینسل کرتے ہیں تو بنیادی کرایہ کا 50٪ یا ٹکٹ کینسل کرنے کے چارجز (دونوں میں سے جو بھی زیادہ ہو) کاٹ لئے جاتے ہیں۔
دوسرے کون سے حالات ہیں جن میں پیسے بذات خود واپس ہو جاتے ہیں؟
ویٹنگ لسٹ ٹکٹ کے علاوہ دوسرے کچھ حالات ہیں جن میں بھارتی ریلوے آپ کے ٹکٹ کے پورے پیسے بذات خود واپس کر دیتا ہے۔
اگر ٹرین کینسل کر دی جائے: اگر آپ کی ٹرین کسی وجہ سے کینسل کر دی گئی ہو تو آپ کے ٹکٹ کے پورے پیسے آپ کو واپس کر دئے جاتے ہیں۔
اگر ٹرین تاخیر سے چل رہی ہو: جس اسٹیشن سے آپ کو سفر شروع کرنا ہے وہاں پر اگر آپ کی ٹرین 3 گھنٹے یا اس سے زیادہ کی تاخیر سے چل رہی ہو تو آپ اپنے ٹکٹ کے پورے پیسے واپس کئے جانے کے لئے دعوی کر سکتے ہیں۔ ایسا دعوی کرنے کے لئے آپ کو اسٹیشن مینیجر کے دفتر میں ایک ٹی ڈی آر (TDR) فارم جمع کرنا ہوگا۔ اگر آپ ٹرین میں سوار ہو جاتے ہیں تو ٹی ڈی آر (TDR) فارم کالعدم ہو جائے گا۔
اگر ٹرین کا راستہ تبدیلکر دیا جائے: اگر آپ کی ٹرین کا راستہ تبدیل کر دیا گیا ہو اور آپ بدلے ہوئے راستہ پر سفر نہیں کرنا چاہتے ہوں تو بھی آپ کے ٹکٹ کے پورے پیسے آپ کو واپس کر دئے جاتے ہیں۔ اس کے لئے بھی آپ کو 72 گھنٹوں کے اندر اسٹیشن مینیجر کے دفتر میں ٹی ڈی آر (TDR) فارم جمع کرنا ہوگا۔
وہ کون سے دوسرے حالات ہیں جن میں ٹکٹ کے پیسے جزوی طور پر واپس کئے جاتے ہیں؟
کچھ دوسرے حالات بھی ہیں جن میں آپ کو ٹکٹ کے جزوی پیسے واپس کئے جاتے ہیں۔ ان میں درج ذیل حالات شامل ہیں
اگر اے سی نہ کام کر رہا ہو: اگر آپ نے اے سی کوچ میں سیٹ کی بکنگ کرائی ہے اور اے سی خراب ہو گیا ہو (یا کام نہ کر رہا ہو) تو اس کی اطلاع ٹی ٹی ای (TTE) کو دیں۔ جانچ کرنے کے بعد اے سی کی مرمت کر دی جائے گی۔ لیکن اگر اے سی پھر بھی کام نہ کرے تو (آپ کے کوچ کے درجہ اور سلیپر درجہ کے درمیان) ٹکٹ کی قیمت میں جو فرق ہوگا اس کے مساوی پیسے ٹی ٹی ای (TTE) آپ کو واپس کر دے گا۔
اگر آپ کو نچلے درجہ میں سیٹ دی گئی ہو: جس درجہ میں آپ نے سیٹ کی بکنگ کرائی ہے اگر آپ کو اس سے نچلے درجہ میں کنفرم سیٹ دی گئی ہو تو آپ نے جس درجہ میں بکنگ کرائی تھی اس کے اور آپ کو دئے گئے نچلے درجہ کے درمیان ٹکٹ کی قیمت میں جو فرق ہوگا اس کو حاصل کرنے کے لئے آپ دعوی پیش کر سکتے ہیں۔
ہم جانتے ہیں کہ ممکن ہے کہ ہم سے کچھ قوانین وضوابط چھوٹ گئے ہوں جن کا اطلاق آپ پر ہو سکتا ہو۔ اس لئے ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ آپ اپنے سوالات ہمیں بھیجیں یا اس طرح کے قوانین وضوابط کے بارے میں ہمیں مطلع کریں۔ ہمیں آپ کی مدد کر کے خوشی ہوگی۔