حالیہ دنوں میں چندی گڑھ نے کھانے پکانے کے معاملہ میں تیزی سے ترقی کی ہے۔ عالیشان ریستورانوں سے لے کر سڑک کے اطراف میں پائے جانے والے ڈھابوں تک، اب اس شہر میں کافی کچھ موجود ہے۔ آئیے ہم شہر کے بعض ان مقامات کا جائزہ لیتے ہیں جہاں آپ بہترین کھانوں کا مزہ لے سکتے ہیں۔
سندھی سوئیٹس : یہ سیکٹر 17 میں واقع ہے، یہاں کے لذیذ چنا بھٹورے اور مٹی کے برتن میں روایتی انداز میں پیش کی جانے والی ایک گلاس ٹھنڈی میٹھی لسی کے ساتھ آپ اپنے دن کی شروعات کر سکتے ہیں۔ جب آپ یہاں ہوں تو بوندی کے لڈو کا ذائقہ بھی ضرور لیں۔
نیک بیکرس : یوروپی طرز کا یہ بیکری نما کیفے تقریبا ایک دہائی سے مقامی لوگوں کا پسندیدہ بنا ہوا ہے۔ یہاں پر مختلف اقسام کے سموسے، پیسٹری اور کیک دستیاب ہیں۔ جب آپ یہاں آئیں تو فروٹ پنچ کا ذائقہ ضرور لیں جس میں ڈھیر سارے موسمی پھلوں، کریم اور شیرے کی آمیزش ہوتی ہے۔ یہاں کی دیگر خاص ڈشوں میں پاستہ اور مٹن چیز برگر شامل ہیں۔
پال ڈھابہ : سیکٹر 28 میں واقع یہ ڈھابہ سب سے قدیم ڈھابوں میں سے ایک ہے، لیکن عام ڈھابوں کی طرح یہاں آپ کو بیٹھنے کے لئے چارپائیاں نہیں ملیں گی۔ بیٹھنے کے لئے یہاں آرام دہ کرسیاں ہیں۔ یہاں اصلی پنجابی کھانے کا ذائقہ لینے کے لئے تشریف لائیں۔ یہاں پر دستیاب چکن، دال مکھنی، کڑاہی پنیر اور آلو پراٹھا بے حد لاجواب ہیں۔
سیٹھی ڈھابہ : یہ رت جگا کرنے والے ان لوگوں کے لئے نجات دہندہ ہے جنہیں آدھی رات کے وقت بھی بھوک لگ جاتی ہے۔ یہ چندی گڑھ-امبالہ ہائی وے پر (زیرک پور) کے پاس واقع ہے، اور وسط شہر سے 20 منٹ کی دوری پر ہے۔ یہاں آپ کو بیٹھنے کے لئے چارپائی اور مینو کارڈ کے طور پر ایک ڈھولک ملے گی جس سے آپ کو اصلی پنجاب کا احساس ملتا ہے۔ یہاں دستیاب خاص چیزوں میں الائچی والی چائے، مسی روٹی، سرسوں کا ساگ اور مکئی کی روٹی شامل ہیں۔
مونیکاز : ظاہری دکھاوے پر مت جائیے۔ سیکٹر 8 مارکیٹ میں واقع مونیکاز باہر سے زیادہ خوبصورت نہیں نظر آتا لیکن یہاں ملنے والے کیک اور پیسٹری بے حد لذیذ ہیں۔ مونیکاز میں دستیاب ریڈ ویلویٹ کیک اور چاکلیٹ کیک اتنے عمدہ ہیں کہ آپ ان کی تعریف کئے بنا نہیں رہ سکیں گے!